فوٹو: فائل
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر اتفاق ہوگیا اور حتمی متن طے پا گیا ہے ،انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ امن معاہدے کا ایک حتمی، متفقہ متن تیار ہو چکا ہے اور پاکستان اب دونوں فریقین کے ساتھ مل کر اگلے مراحل کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہا ہے ، انہوں نے اپنی پوسٹ میں امریکا اور ایران کے صدور سمیت دونوں ممالک کے دیگر رہنماؤں کو بھی ٹیگ کیا ہے ، شہباز شریف نے کہا امن آج جتنا قریب ہے ، پہلے کبھی نہیں تھا، مزید کہا پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں کے دوران ہم اس مسلسل غلط معلوماتی مہم سے بخوبی آگاہ ہیں جو ان عناصر کی طرف سے چلائی جا رہی ہے جو اس امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکا کے ساتھ معاہدہ پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے ، یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران پر بد نیتی سے مذاکرات کرنے کا الزام عائد کیا۔











